کوئٹہ (آن لائن) آل پاکستان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں ملک عبدالمجید کاکڑ، معروف ٹرانسپورٹر وحید خان کاکڑاور سعد اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں نے اپنے مطالبات کے حصول کیلئے جو ہڑتال کی تھی حکومت کی جانب سے کامیاب مذاکرات اور مطالبات تسلیم ہونے کے بعد ہڑتال ختم کردی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا مذکورہ احتجاجی کیمپ میں اعلان کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر نواب مینگل سمیت دیگر ٹرانسپورٹ بھی موجود تھے۔ ملک مجید کاکڑ اور دیگر ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج شروع کیا تھا، حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں اور آئندہ اس طرح کا کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ رونما ہوا تو پھر تمام ٹرانسپورٹر سخت احتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 روز سے ہماری پر امن ہڑتال اپنے مطالبات کے حق میں جاری تھی ہمارے مطالبات منظورہوچکے ہیں جس کے بعد ہم ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں ۔