کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے بولان جرنل آف میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے نام سے صوبے کی تاریخ کا پہلا میڈیکل جرنل متعارف کروا دیا گیا جرنل کے منتظم پروفیسر ڈکٹر اسلم بزدار کے مطابق جرنل کے کام کا آغاز 2017 میں جب بلوچستان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز قائم کی گئی تب سے حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ کی خواہش تھی کہ صوبے کا پہلا میڈیکل جرنل متعارف کروایا جائے ، اور 2025 میں اسے متعارف کروا کر عملی شکل دی گئی ، مستقبل میں جرنل کی بین الاقوامی نمائش بھی کی جائے گی۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی، وائس چانسلر بولان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بولان یونیورسٹی طبی تحقیق کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے، کیونکہ تحقیق ہی صحت کے معیار کو بہتر بنانے کی مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہایت قلیل عرصے میں یونیورسٹی کی ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ادارہ تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی میدان میں مسلسل اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ۔تقریب کا آغاز پروفیسر ڈاکٹر رؤف شاہ نے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسلم بزدار، مدوّن بولان جرنل آف میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ جریدہ صوبہ بلوچستان میں تحقیقی کلچر کے فروغ، نوجوان محققین کی رہنمائی اور معیاری سائنسی تحقیق کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔