کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے مذہبی اور سیاسی رہنماوں نے امریکہ کی ایران کو دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ امریکہ اور اسرائیل دنیا کے امن کو سبوتاژ کررہے ہیں ، وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ کی قیادت بیدار ہو، یہ بات ا دارہ امور اسلامی پاکستان کے رہنماوں صدر علامہ جمعہ اسدی ، نائب صدر ڈاکٹر عطا الرحمٰن ، جنرل سیکرٹری مولانا قاری عبدالرحمٰن نورزئی ، سابق گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ ، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے امیر مولانا عبدالقادر لونی اور دیگر نے اتوار کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا ایران میں ہلاکتوں پر دھمکیاں اور غزہ میں قتل عام میں اسرائیل کا ساتھ دینا ان کے حواس باختگی کا منہ بولتا ثبوت ہے امریکی عوام کو اپنی پوزیشن واضح کرنا ہوگی تاکہ دیگر اسلامی ممالک کے حالات کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارت اور دوسرے دشمنوں کی جانب سے دہشتگردی ہورہی ہے ، انہوں نے کہا کہ حماس سمیت دیگر اسلامی تنظیمیں بھرپور طریقے سے اسرائیل کے خلاف اپنا دفاع کررہی ہیں ، ماضی میں اسلامی ممالک کی قیادت کو شہید کرنا امریکی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، خطے میں امن کے قیام کے لئے امت مسلمہ کو ایک ہونا ہوگا انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 سال سے طاغوتی طاقتیں دنیا کا امن برباد کررہی ہیں ان طاقتوں کا مقابلہ کرکے شکست دینا ہوگئی انہوں نے کہاکہ مسلمان متحد ہوکر ایران کا دفاع کریں تاکہ طاغوتی قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔