• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچو! زندگی میں آداب و اخلاق کی اہمیت ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ جو بہترین انسان بنانے معاشرتی زندگی میں کامیابی اور عزت کا بھی ذریعہ بنتی ہیں۔ زندگی کے مختلف پہلوؤں میں، جیسے گھر، اسکول، کھیل کے میدان، اور دوستوں کے ساتھ تعلقات میں آداب کا مظاہرہ آپ کی شخصیت کو منفرد بنائے گا۔ سب سے پہلا اور بنیادی ادب سلام کرنے کا ہے۔ جب کسی سے ملیں، چاہے وہ بڑے ہوں یا چھوٹے، انہیں سلام کریں اور ان کی خیریت معلوم کریں۔ 

 جب گھر کے بڑے بات کر رہے ہوں، تو ادب سے خاموشی اختیار کریں اور ان کی بات کو غور سے سنیں۔ گھر کے کاموں میں والدین کا ہاتھ بٹائیں۔ کھانا ہمیشہ بسم اللہ کہہ کر شروع کریں اور کھانے کے بعد الحمدللہ کہیں۔ کھانے کے وقت صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں، بے صبری نہ دکھائیں۔ 

اپنے ساتھ بیٹھے دوسرے لوگوں کا بھی خیال رکھیں۔ بڑوں سے بات کرتے وقت اونچی آواز سے بات نہ کریں ۔ پڑھائی کے وقت سنجیدگی اختیار کریںاور اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔ کسی سے کچھ لینے کے بعد شکریہ کہنا بھی اچھے آداب میں آتا ہے۔ خود بھی صاف رہیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی صاف رکھیں۔

اپنے کاموں کو وقت پر کریں، جیسے کہ اسکول جانا، ہوم ورک مکمل کرنا، اور کھیل وغیرہ۔اس سےنظم و ضبط پیدا ہوتا ہے۔ اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کا خیال رکھیں۔ کسی کا مذاق اڑانا یا برا بھلا کہنا غلط بات ہے اور اس سے دل آزاری ہوتی ہے، اس سے دور رہیں۔ یہ آداب نہ صرف آپ کی شخصیت نکھاریں گے، بلکہ آپ زندگی میں کامیابیاں سمیٹیں گے۔