• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں پاکستانی برادری کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں، ڈاکٹر محمد فیصل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت رول بالخصوص اپنی نوجوان خواتین کی مختلف شعبوں میں اچیومنٹس کو سراہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوٹن ٹاؤن ہال میں جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

ہائی کمشنر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ہماری نوجوان نسل بہت صلاحیتوں کی حامل ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کی کامیابیوں کو میڈیا ہائی لائٹ کرے، اس سے پاکستان کا پازیٹو اور سافٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن بہت جلد برطانیہ سے اپنی سروسز بحال کردے گی۔ 

پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ وہ حج اور پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق کمیونٹی کو بہتر سہولتیں دیں گے۔

انہوں نے پروگرام میں شریک پاکستانی کشمیری کمیونٹی کی بھی زبردست تعریف کی اور کہا کہ اپنی کمیونٹی سے ملاقات کر کے بہت مسرت ہوئی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور وہ برطانوی پاکستانی کشمیری ڈائیسپورا کے کردار کو سراہتے ہیں۔

لوٹن ساؤتھ سے لیبر ممبر پارلیمنٹ ریچل ہوپکنز نے کہا کہ چاہے لوٹن میں ہوں یا پاکستان میں، ہم ایک ہیں۔

لوٹن نارتھ سے لیبر ممبر پارلیمنٹ سارہ اوون نے کہا کہ گزشتہ 14 سال سے برطانیہ میں عدم مساوات کے باعث بشمول پاکستانی، عوام معاشی طور پر جدوجہد کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر یاسین رحمان نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ایسا پاکستان چاہتے تھے جو جمہوری روایات پر مبنی ہو۔ جمہوری پاکستان کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

کانفرنس کے دوران شرکا نے استحکام پاکستان پروگرام میں شرکت کو اعزاز قرار دیا اور کہا کہ ریاست پاکستان کے وجود سے زیادہ مقدس کوئی چیز نہیں۔ سیاسی اختلافات کی وجہ سے اپنے ملک کو کوئی نقصان نہ پہنچائیں۔ سیاست میں کوئی چیز مستقل نہیں ہوتی۔ مختلف حکومتیں آتی جاتی ہیں لیکن ریاست ہمیشہ قائم رہے گی۔

شرکاء نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں منفی اور جعلی خبروں پر توجہ نہ دیں۔ پاکستان میں بہت سی مثبت چیزیں ہو رہی ہیں۔ ہمیں اپنے ملک کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینا چاہیے جو مختلف قسم کے مناظر سے مالا مال ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ہائی کمشنر پاکستان حسب بن عزیز نے جنگ لندن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس امر کے خواں ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی میں یکجہتی اور اتحاد ہو۔

برطانیہ و یورپ سے مزید