اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) حکومت کی اہم اور سب سے بڑی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی سے وابستگی رکھنے والے پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ2024کے انتخابات میں پورے پاکستان میں جیتنے والے فارم 47پر منتخب ہوئے ہیں، 2013، 2018اور 2024کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، 2024میں فارم 45اور فارم 47 کی خرابی تھی، ملکی تاریخ میں کوئی ایک آدھ ہی ایسا الیکشن ہوا ہوگا، جس پر سب نے کہا ہو کہ شفاف الیکشن ہوئے۔ موجودہ حکومت میں 8فروری 2024 کو کرائے گئے انتخابات کے ایک سال مکمل ہونے کے موقعہ پر اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ2024 میں پنجاب میں بلاول بھٹو کو ملنے والے ووٹ کم ظاہر کئے گئے، ہم نے تو صرف یہ مطالبہ کیا تھا کہ شکست قبول ہے، لیکن ہمیں ہمارے ووٹ تو دکھائیں، ہمارے ساتھ یہ ظلم ہوتا ہے کہ پنجاب میں کسی حلقے میں ہمیں 30 ہزار ووٹ ملتے ہیں تو 11 ہزار ظاہر کیے جاتے ہیں، یہ سب کرنے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکن دلبرداشتہ ہوں اور پارٹی پنجاب میں کمزور ہوجائے ، کراچی میں بھی دو چار سیٹیں پیپلز پارٹی سے چھینی گئیں، جس جس نے 2024 کے الیکشن میں غلط کام کیا سب کو رگڑا لگنا چاہیے، سیاست دانوں کو چاہیے کہ وہ کم از کم اس معاملے پر اکٹھے ہوں، کہ کچھ بھی ہوجائے انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی نہ ہونے پائے، تاکہ حقیقی عوامی نمائندگی سامنے آئے۔