کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہربین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی سیاست میں محتاط رویہ اختیار کرنا اس کے مفاد میں ہے۔ چین اور امریکہ کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ پاکستان کسی تنازع میں نہ پھنسے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ ابھی ایسا کوئی خطرہ نہیں جو یہ ثابت کرے کہ پاکستان کا جھکاؤ کسی ایک جانب زیادہ ہو گیا ہے البتہ بھارت امریکہ اور چین کی کشمکش میں زیادہ مشکلات کا شکار ہے۔ اگر پاکستان اپنی معاشی صورتحال بہتر کرلے تو اس کے لیے سفارتی چیلنجز بھی آسان ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے پروگرام ’’جرگہ ‘‘میں میزبان سلیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کامران بخاری نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے بدلتے حالات پر امریکہ میں نئی حکمت عملی پر غور ہو رہا ہے۔ واشنگٹن میں اس تاثر کو تقویت ملی ہے کہ خطے میں امریکی پالیسیوں کے مثبت نتائج نہیں نکلے اس لیے طاقت کا توازن نئے انداز میں ترتیب دیا جا رہا ہے۔ ایران اور ترکی سے مذاکرات اسی پالیسی کا حصہ ہیں جس پر عرب ممالک اور اسرائیل کو شدید تحفظات ہوں گے۔