اسلام آباد (قاسم عباسی)پاکستان میں نوجوانوں کی شرح خواندگی 77 فیصد تک پہنچ گئی، دیہی خواتین کی شرح خواندگی میں مزید بہتری؛ 2025 میں بڑھ کر 63 فیصد تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ نئے مائیکرو ڈیٹا کے مطابق، پاکستان میں نوجوانوں کی تعلیم کے رجحان میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں نوجوانوں کی شرح خواندگی اب 77 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار سے سامنے آنے والا سب سے نمایاں پہلو دیہی علاقوں کی نوجوان خواتین میں تیزی سے ہونے والی بہتری ہے۔ اس طبقے میں شرح خواندگی 2018/19 کے عرصے میں 54 فیصد سے بڑھ کر 2025 میں 63 فیصد تک پہنچ گئی۔ 9 فیصد پوائنٹس کا یہ اضافہ ملک کی تعلیمی تاریخ میں تیزی سے ترقی کرنے والے نمایاں ترین شعبوں میں سے ایک کی عکاسی کرتا ہے اور مجموعی قومی اضافے کا بنیادی محرک ثابت ہو رہا ہے۔