• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آئیڈل، بھنگڑا کنگ ابرار الحق کی دھماکے دار انٹری، سب جُھوم اُٹھے

کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)پاکستان آئیڈل میں بھنگڑا کنگ ابرار الحق کی دھماکے دار انٹری،سب جھوم اُٹھے۔ شادی بیاہ کی تھیم پر اپنا گایا ہوا سپر ہٹ گیت’’چمکیلی‘‘پیش کیا، تو ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔ راحت فتح علی خان‘فواد خان‘زیب بنگش اور بلال مقصود کے ساتھ ججز کی نشستوں پر بیٹھ کر نئے گلوکاروں کی خوب حوصلہ افزائی کی،پاکستان آئیڈل کے ذریعے ثقافت اور روایتی موسیقی کو زندہ کیا جارہا ہے، لاہور سے کراچی آمد پرابرار الحق کی جنگ سے خصوصی گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ان دِنوں موسیقی کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان آئیڈل، اپنے عُروج پر ہے۔ موسیقی کے دیوانوں کو بے چینی سے انتظار ہے کہ پاکستان آئیڈل کا تاج کس گلوکار کے سر سجے گا، گز شتہ روز پاکستان آئیڈل کی روشنی اور رنگوں میں اضافہ کرنے کے لئے بھنگڑا کنگ ابرارالحق نے دھماکے دار انٹری دی، تو نئی نسل کے فنکاروں نے اُن کا پُرجوش استقبال کیا ۔ابرارالحق پاکستان آئیڈل کے ججز میں گُھل مل گئے اور نئے گلوکاروں کی دِل کھول کر حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شادی بیاہ کی تھیم پر اپنا سپر ہٹ گانا ’’چمکیلی‘‘ پیش کیا، تو ہال میں موجود حاضرین نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور سب یہ گانا گنگناتے رہے، یاد رہے کہ ابرار الحق کا مہوش حیات کے ساتھ مشہور گانا’’چمکیلی‘‘ جو 2019میں ریلیز ہوا تھا، جس کی ویڈیو میں مہوش حیات دُلہن اور شاہویر جعفری دُلہا بنے تھے، اور ابرار الحق خود بھی گانے کی وڈیو میں موجود تھے،، گانے میں ایک لڑکی کی طرف سے بارات لے جانے کے روایتی موضوع کو دکھایا گیا تھا.اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان، برصغیر کی فلموں کے ہیرو فواد خان، انور مقصود کے بیٹے اور موسیقار بلال مقصود اور زیب بنگش نے بھنگڑا کنگ ابرارالحق کے ساتھ مل کر نئے فنکاروں کا حوصلہ بڑھایا، بھنگڑا کنگ ابرار الحق نے کہا کہ پاکستان آئیڈل میں حصہ لینے والے تمام گلوکار بے پناہ ٹیلنٹ کے مالک ہیں اور یہ سب بہت محنت کررہے ہیں، جو بھی گلوکار یہاں تک پہنچے ہیں، وہ سب خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، میں نے اِن میں موسیقی کا جنون دیکھا ہے۔
اہم خبریں سے مزید