• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8فروری 2024 کو انتخابات کے نام پر ڈرامہ رچایاگیا،تحریک تحفظ آئین پاکستان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما کبیر افغان نے کہا ہے کہ 8 فروری 2024 کو جعلی اور فارم 47 کے انتخابات کے ذریعے غیر جمہوری و غیر آئینی حکومتیں تشکیل دی گئیں جس کی وجہ سے آئین اور قانون کی پامالی پر مبنی اقدامات کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے ، غیرجمہوری ، غیرآئینی ، غیرنمائندہ حکومت غیرآئینی و غیرجمہوری اقدامات کا سلسلہ ترک کردے بصورت دیگر تحریک تحفظ آئین پاکستان عوام کی تائید وحمایت سے سخت احتجاج پر مجبور ہوگی،یہ بات انہوں نے پیر کو علامہ ولایت حسین جعفری ، سلام ایڈووکیٹ و دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی الیکشن کے خلاف تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی اپیل پر 8 فروری کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا ، صوبے میں دفعہ 144 کا نفاذ کرکے یوم سیاہ منانے کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے 8فروری کی شب حکومتی اداروں نے کارکنوں کو حراساں کرنے کیلئے گھروں پر چھاپے مارے ، مقدمات درج کئے اور سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ، 9 فروری کی رات تحریک انصاف کے صوبائی صدر کے گھر پر چھاپے مارے اور خاندان کے افراد ، عزیز و اقارب کو مسلسل حراساں کیا جارہا ہے ، تحریک انصاف کے رہنماء نور خان خلجی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، ژوب ، زیارت ، سنجاوی ، پشین ، لورالائی میں بھی پشتونخوامیپ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کرکے درجنوں ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن کے نام پر ڈرامہ کرکے جعلی انتخابات کرائے گئےاور فارم 47 کے تحت غیر جمہوری ، غیر نمائندہ اور غیر آئینی حکومت مسلط کی گئی جس نے آتے ہی ملک میں غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدامات کا سلسلہ شروع کیا، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد پیکا ایکٹ کے تحت آزادی صحافت پر قدغن لگائی گئی غیرجمہوری ، غیرآئینی ، غیرنمائندہ حکومت غیرآئینی و غیرجمہوری اقدامات کا سلسلہ ترک کردے بصورت دیگر تحریک تحفظ آئین پاکستان عوام کے تائید وحمایت سے سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔
کوئٹہ سے مزید