اسلام آباد (طاہر خلیل) قائم مقام صدر، سید یوسف رضا گیلانی کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم رہا ہے، اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات اس عزم کا واضح ثبوت ہیں۔ان خیالات کا اظہار قائم مقام صدر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے ملکی وغیر ملکی افسران پر مشتمل وفد سے ایوان صدر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے ملکی وغیر ملکی افسران کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ ان بہادر اور پیشہ ورانہ افسران سے مل کر فخر محسوس کر رہے ہیں۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے خاص طور پر برطانیہ، نائیجیریا، بحرین، کینیا، روانڈا، چین، سری لنکا، مالدیپ، بوسنیا، عراق، گیمبیا، زمبابوے، سعودی عرب، عمان، ترکی، اردن، انڈونیشیا، نیپال، یمن اور آسٹریلیا سمیت دوست ممالک کے افسران کا خیر مقدم کیا اور ان کی موجودگی کو بین الاقوامی تعاون کا مظہر قرار دیا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ صرف ایک تربیتی ادارہ نہیں بلکہ قیادت کی درسگاہ، اسٹریٹجک ذہنوں کا مرکز اور عالمی فوجی یکجہتی کی علامت ہے۔ قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے افسران کی قربانیوں اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں سیکیورٹی چیلنجز مسلسل پیچیدہ ہو رہے ہیں، جن میں ہائبرڈ وارفیئر، سائبر خطرات اور غیر روایتی جنگی حکمت عملی شامل ہیں۔