کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئروزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے اپنے داخلی تضادات سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے الزامات کی سیاست کھیل رہے ہیں،ایم کیو ایم کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انھوں نے کہاہے کہ نفرت کی سیاست نے متحدہ کو تقسیم در تقسیم کر دیا ہے لیکن ایم کیو ایم کے لیڈران اب بھی باز نہیں آ رہے ہیں کراچی کے بچے ہمارے بھی بچے ہیں اور عوام جانتے ہیں کہ کراچی کے بچوں کے ہاتھوں میں کتاب کے بجائے بندوق کس نے دی تھی۔ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ، متحدہ ہر دور میں سیاسی مفادات کے لیے کراچی کے عوام کے جذبات کا بدتر استعمال کرتی رہی ہے۔ متحدہ کے رہنما بار بار نفرت، تعصب، تقسیم اور فریب کی سیاست کو ہوا دیتے ہیں۔