راولپنڈی(سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ) مال روڈ انڈر پاس کی تعمیر کے دوران متبادل ٹریفک پلان جاری کردیاگیا۔ سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق تعمیراتی کام کے دوران مال روڈ کو ایم ایچ ہسپتال سے ٹی ایم چوک تک عارضی طور پر بند کر دیا جائے گا۔ ایم ایچ چوک سے ٹی ایم چوک کی طرف جانے والی ٹریفک کو مال روڈ کے متوازی حیدر روڈ پر منتقل کیا جائے گا، جہاں سے گاڑیاں مری روڈ اور کچہری چوک کی جانب باآسانی جا سکیں گی۔چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ انڈر پاس کی تعمیر کے دوران متبادل راستوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی ۔ دریں اثناءاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مال روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ راولپنڈی شہر کی مجموعی سڑکوں کی صورتحال بھی بہتر ہوگی۔تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد سگنل فری مال روڈ سفری سہولیات فراہم کرے گا۔