کراچی ( نسیم حیدر) روسی بحریہ کے کمانڈر رئیر ایڈمرل الیکسی سیسیوف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو اے آئی ٹیکنالوجیز دینے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان میں منعقد تمام امن مشقوں کو انتہائی قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں، پاکستان کی فوجی کمان جلد روس کے دورے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
مشقوں میں شرکت کے بعد وطن واپسی سے پہلے خصوصی انٹرویو میں روسی بحریہ کے کمانڈر پریمورسکایا فلوٹیلا آف دا پیسیفیک فلیٹ رئیر ایڈمرل الیکسی سیسیوف نے کہا کہ یقینی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ وقت کےساتھ ساتھ امن مشقوں میں ممالک اور مندوبین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ رویے بدل رہے ہیں۔
اس سوال پر کہ روس نے یوکرین میں دہشتگردی کے خطرات کا حال ہی میں سامنا کیا ہے۔ آلات حرب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں کیا روس اے آئی ٹیکنالوجیز میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے؟
روسی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ پاکستان یقینی طورپر آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ یہ تمام ٹیکنالوجیز صرف روس اور یوکرین کے پاس نہیں۔ یہ پوری دنیا میں فروخت کی جارہی ہیں تو ایک ایسے ملک سے اسکا تجربہ لینا جو براہ راست ان خطرات کا سامنا کررہا ہو، وہ بہت قیمتی ہوگا اور روس ان تجربات کے اشتراک کیلیے ہمیشہ تیار ہے۔
رئیر ایڈمرل الیکسی سیسیوف نے کہا کہ جہاں تک انکے علم میں ہے، پاکستان کی فوجی کمان جلد روس کے دورے کی منصوبہ بندی کررہی ہے اور اس دورے کے دوران ہم چیزیں ہوتی ہوئی دیکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب روس امن مشقوں کیلئے یہ تجاویز تیار کررہا تھا تو ہمارے ذہن میں پہلے سے امریکی تجاویز نہیں تھیں۔