بالی ووڈ کے اداکار اور فلمساز فرحان اختر نے جمعرات کو اپنی بیٹی اکیرا کی 18ویں سالگرہ منائی۔
اس موقع پر انھوں نے اپنے انسٹاگرام پر دل کو چھولینے والی پوسٹ شیئر کی، جبکہ اپنی شفقت پدری کے اظہار کےلیے بیٹی کے ساتھ آئینے میں بنائی گئی ایک سیلفی بھی شیئر کی، جس میں باپ بیٹی کے رشتے کو ظاہر کیا گیا۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اکیرا خوشگوار موڈ میں سیلفی لے رہی ہیں جبکہ فرحان اختر پیچھے کھڑے ہیں۔
تصویر کے ساتھ فرحان اختر نے اپنے پیغام میں کہا: اکیرا آپ کو سالگرہ مبارک، آپ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھیں، میں آپ کی پشت پر موجود ہوں، محبتوں کے ساتھ۔
جیسے ہی یہ پوسٹ اپ لوڈ ہوئی تو پرستاروں کی جانب سے کمنٹس کا طوفان امڈ آیا، جبکہ فرحان کی ہمشیرہ فلمساز زویا اختر نے ایک ہارٹ اور ہگ ایموجی شیئر کی۔
واضح رہے کہ اکیرا، فرحان اور انکی سابق اہلیہ ادھونا کی بیٹی ہیں، ادھونا اور فرحان میں 2016 میں 16 برس کی شادی کے بعد علحیدگی ہوئی اور 2017 میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔