اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) متنازع پیکا ایکٹ کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے تیسرے روز جمعہ 14 فروری کو تین بجے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے، صحافیوں کے کسی بھی گروپ نے انتظامیہ سے اجازت حاصل نہیں کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور پاکستان یونین آف جرنلسٹس (برنا) پہلے ہی 14 فروری کو نماز جمعہ کے بعد پارلیمنٹ کے سامنے مشترکہ مظاہرے کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔ نواز رضا کے مطابق شرکاء نیشنل پریس کلب کے باہر جمع ہوں گے۔