اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) پی ایف یو جے کی کال پر متنازع پیکا ایکٹ کے خلاف ملک بھر میں تین روزہ بھوک ہڑتالی کیمپوں کا انعقاد جمعرات کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ وفاقی دارالحکومت میں نیشنل پریس کلب کے باہر آر آئی یو جے کے زیر اہتمام بھوک ہڑتالی کیمپ میں درجنوں صحافیوں نے شرکت کی۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہم فیک نیوز کے سب سے بڑے مخالف ہیں، نہ ایسے لوگوں کو حمایت دینا چاہتے ہیں، لیکن فیک نیوز کے نام پر اگر آپ ہمارے قلم کو روکنا چاہتے ہیں تو ایسا نہیں ہوگا۔ جمعہ کو ہمارے بھوک ہڑتالی کیمپ کے بعد پورے پاکستان میں ریلیاں بھی نکالی جائیں گی، کل پریس فریڈم ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ ریلیوں میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔