فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان اکنامک کونسل کے رکن مصدق ذوالقرنین نے کہا ہے کہ زرعی اجناس کوسبسڈی دینے سے برآمدات بڑھانا ممکن نہیں ہے اس کے لئے طویل المدت اصلاحات ضروری ہیں تاکہ پیداواری لاگت کو کم کرکے مسابقت بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال چاول کی برآمدات میں ہونے والے عارضی اضافے کی بنیادی وجہ ہندوستان کے چاول پر پابندیاں تھیں لیکن اس سال بڑے پیمانے پر سپلائی کے ساتھ ہندوستان کی واپسی سے عالمی سطح پر چاول کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستانی چاول کی برآمدات حکومتی سبسڈی ملنے کے باوجود کم رہی ہیں۔ برآمدات میں پائیدار ترقی صرف مسابقت سے ممکن ہے اس کے لئے سبسڈی کے ذریعے ملنے والی مالی معاونت پر انحصار کرنے سے برآمدات میں اضافہ نہیں ہو گا۔