پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یاسرہ رضوی نے زندگی میں مذہب کی اہمیت کے بارے میں بات کی ہے۔
یاسرہ رضوی نےحال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بتایا کہ وہ مذہب کے بارے میں زیادہ بات کیوں نہیں کرتیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ مذہب کی زندگی میں بہت اہمیت ہے اور خاص طور پر شوبز سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات مذہبی معاملات پر بات کرنے سے اکثر گریز کرتی نظر آتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ شوبز شخصیات مذہب کے بارے میں گفتگو کرنے سے اکثر گریز اس لیے کرتی ہیں کہ لوگ اُنہیں مذہب کے بارے میں گفتگو کرتے دیکھ کر ان پر تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لوگوں کو دین سے متنفر کرنے کا رجحان بہت زیادہ ہے اور اسی وجہ سے ہم لوگ زوال کا شکار ہوئے۔
یاسرہ رضوی نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو متقی بن کر اسلام سے دور کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب کو اپنے مذہب پر فخر ہونا چاہیے، مذہب کے بارے میں بات کرنی چاہیے اور حقیقی معنوں میں دین پر عمل کرنا چاہیے۔