راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) جے یو آئی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام اور معاشی بحران پر کہا ہے کہ گزشتہ 75سال سے حکمرانی کرنیوالی جماعتوں نے ملک کو کرپشن کے ذریعے نقصان پہنچایا ہے۔ جے یو آئی واحد جماعت ہے جس کی قیادت پر آج تک کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا۔ پرویز مشرف کے دور میں این آر او کے تحت سیاستدانوں، سرمایہ داروں اور کاروباری شخصیات کے نام سامنے آئے‘ لیکن جے یو آئی (ف) کی قیادت کا کوئی فرد اس فہرست میں شامل نہیں تھا۔ حلقہ پی پی 19گلزار قائد میں عظمت قرآن کانفرنس و دستار بندی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے پی پی‘ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کو آزما لیا‘ اب قوم کی نظریں مولانا فضل الرحمان پر لگی ہیں۔ جے یو آئی کو اقتدار ملا تو ملک کو کرپشن سے پاک کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائیگا۔ تقریب سے ڈاکٹر ضیاء الرحمان‘ حافظ خلیل احمد‘ ارشد عباسی‘ حافظ ابراہیم لہری‘ حافظ ضیاء اللہ خان اور قاری جہانگیر نقشبندی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔