لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ’’ستھرا پنجاب‘‘ میں پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ پہلے مرحلے میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے سی ای اوز اور کنٹریکٹرز کو طلب کر کے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تینوں ڈویژنز کی ہر تحصیل میں ہیومن ریسورسز، مشینری کی دستیابی اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب کو پورے ملک بلکہ خطے کا منفرد پروگرام بنائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سی ای اوز اور ضلعی افسران باقاعدگی کے ساتھ فیلڈ میں جائیں ،مزید برآں انہوں سی ای اوز کو یہ ہدایت بھی کی کہ دیہات میں ویسٹ انکلوژر لازمی بنائے جائیں ۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تمام درکار وسائل مہیا کر د یے ۔