کراچی(اسٹاف رپورٹر)عالمی تبلیغی جماعت کے زیر اہتمام اورنگی ٹاون گلشن بہار میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع اتوار کو دعا کے ساتھ اختتام پزیر ہوگیا، اجتماع میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اوراتوار کی صبح بھی دعا میں شریک ہونے کے لیے شہر بھر سے بڑی تعداد میں لوگ قافلوں کی شکل میں شریک ہوئے،اجتماع کے اختتام پر خصوصی دعامولانا احمد بٹلہ نے کروائی، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ ہم سب اپنی زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق گزاریں،دنیا کی بجائے آخرت کی تیاری کریں ،نماز ہی گناہوں سے روکتی ہے،حلال روزی کمانا معاشی مسائل کا حل ہے، اسلامی معاشی نظام مالیاتی مسائل کا حل ہے، اپنی زندگی میں ایک دوسرے کا احساس ، سب کے حقوق کا خیال کریں،دین کے احکامات پر چلیں تو کامیابی کا راستہ نظر آئے گا،اپنی زندگی میں دین کے لیے وقت ضرور نکالیں دعوت تبلیغ کو پھیلائیں،اپنی پریشانی کے حل کے لیے رب سے رجوع کریں،اجتماع میں اسلام کی سربلندی، انسانیت کی فلاح، پاکستان کی سلامتی اور بقا اور لوگوں کے مسائل کے لیے خصوصی دعا بھی گئی۔