• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں ظلم کیخلاف آواز اٹھانا جرم بنادیا گیا ہے، مہاجر قومی موومنٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئر مین شوکت اللہ فاروقی نے کہا ہے کہ اس شہر میں ظلم کے خلاف آواز اٹھانا بھی جرم بنادیا گیا ہے، ڈمپرز کی کوئی زبان نہیں ہوتی اسے لسانی مسئلہ نہیں بنایا جائے،قاتل ڈمپرز ٹینکرز ڈرائیوز کی گرفتاری تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے،سندھ حکومت کراچی کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے ،ڈمپرزمافیا کواپنے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دینگے، یہ بات انھوں نے بدھ کو آفاق احمد کی ر ہائش گاہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سماجی تنظیموں کے سربراہان اسلم بھٹو، اسلم خان،نو رمحمد بلوچ نے اظہار یکجہتی اور آفاق احمد کی گرفتاری کی مذمت کی، شوکت اللہ فاروقی نے مزیدکہا کہ ممنوعہ اوقات میں شہر میں قاتل ڈمپرز اور ٹینکرز، ہیوی ٹریفک کو رہائشی علاقے میں لانے اور معصوم شہریوں کو ڈرائیورزکے ہاتھوںروندے جانے کاسلسلہ آج بھی جاری ہے، جبکہ حکومت ا و رپولیس قانون پر عمل داری کا گیت گاتے نہیں تھک رہے،شوکت اللہ فاروقی نے کہا کہ ظلم اس شہر کے لوگوں کے ساتھ ہوا،پابند سلاسل آفاق احمد ہیں،اس شہر کے فیصلے اس شہر کے لوگ کرینگے ،انھوں نے کہا کہ کچھ لو گ کراچی کے مسائل کے حل کی بجائے انہیں سیاسی اور لسانی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں، ٹینکرزمافیا کے ہاتھوں کچلے جانے والوں کے لواحقین کی فی الفور مالی امداد کو یقینی بنایا جائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید