کراچی (اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں اس کے سوالات کے بینک (کیو بینک) میں 2,30,000سے زائد سوالات شامل ہو چکے ہیں، جو تعلیمی معیار اور جدید امتحانی نظام کے لیے یونیورسٹی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈائریکٹر کیو بینک، ڈاکٹر لئیق الزمان کی قیادت میں یہ کامیابی یونیورسٹی کی میڈیکل ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر لئیق الزمان نے اپنے ماہرانہ انداز اور غیر معمولی قیادت سے ایک مضبوط اور مؤثر امتحانی نظام کی بنیاد رکھی ہے۔وائس چانسلر، پروفیسر امجد سراج میمن (ستارہ امتیاز) نے کہا "ہم نے سوالات کے بینک کو 30,000 سے بڑھا کر 2,30,000 تک پہنچایا ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہمارا مقصد امتحانی نظام کو مضبوط بنانا اور تعلیمی معیار کو بہتر کرنا ہے۔ یہ سوالات کا بینک ہمارے امتحانات کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اب ہم ایک ایسا نظام متعارف کروا رہے ہیں جس کے ذریعے اساتذہ اور ماہرین کہیں سے بھی بینک میں سوالات شامل کر سکیں گے، جس سے کارکردگی اور معیار میں مزید بہتری آئیگی۔