راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے)سابق نگران صوبائی وزیر صحت و بہبود ابادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال تعلیمی خدمات میں ہمارے شہر کا قیمتی اثاثہ اور ایک تاریخی ورثہ ہے، یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مختلف اداروں میں اہم جگہوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج کے سالانہ ڈنر کی تقریب کے موقع پر کیا, انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں تعلیمی خدمات کے حوالے سے کالج کے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش نہ کرنا زیادتی ہو گی، تعلیمی اداروں سے وابستہ اساتذہ اچھی تعلیم دے کر اپنی آخرت سنوار رہے ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید کہا کہ جب میں اصغر مال کالج آتا ہوں تو ایسا لگتا ہے اپنے گھر واپس آگیا ہوں اور میں اساتذہ کرام کا شکر گزار ہوں جو مجھے ہر سال یہاں سالانہ ڈنر میں شرکت کے لئے مدعو کرتے ہیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن راولپنڈی شیر احمد ستی، پرنسپل کالج ڈاکٹر کبیر محسن، پروفیسر عاطف بخاری نے تقریب کے شرکاء کا شکر یہ ادا کیا۔