کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلفٹن گلاس ٹاور میں آگ لگنے کے باعث متعدد دکانیں اور ان میں رکھا سامان جل گیا‘ آگ پر ڈھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا۔واقعہ میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد کی دھویں کے سبب حالت غیر ہوگئی جن کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن تین تلوار کے قریب واقع گلاس ٹاور کی پہلی منزل پر پیر اور منگل کی درمیانی شب آگ لگ گئی۔چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع پر پہلے صدر اور سینٹرل فائر اسٹیشن سے فائر ٹینڈر روانہ کیے گئے تاہم آگ کی شدت کے باعث مذید فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا ۔محکمہ فائر بریگیڈ سمیت دیگر اداروں نے آگ بجھانے کے لیے امدادی آپریشن میں حصہ لیااور کئی افراد کو بلڈنگ سے باہر نکالا گیا۔ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سےفائر مین منصور دھویں کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا جس کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گلاس ٹاور کے فرسٹ فلور پرکپڑا اور فوم کی دکانیں تھیں جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔15 دکانیں مکمل طور پر جل گئیں‘آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔گلاس ٹاور یونین کے صدر مرتضی حسین نے بتایا کہ گلاس ٹاور کے فرسٹ فلور پر 165 دکانیں ہیں ۔اگ لگنے سے 80دکانیں متاثر ہوئیں‘ 35سے 40دکانیں مکمل تباہ ہوگئیں ۔