کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ 15فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تمام تر معاملات براہ راست آئی سی سی کے لوگ دیکھ رہے ہیں ہم انہیں معاونت فراہم کررہے ہیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں بھارتی پرچم آویزاں نہیں کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی تشہیر اور برانڈنگ میں بھارتی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، اسٹیڈیم میں کئی جگہوں پر بھارت کا نام اور پرچم ہے۔ ٹورنامنٹ کے پروٹوکولز کا مکمل احترام کیا جارہا ہے ۔ نمائندہ جنگ کے استفسار پر پی سی بی ترجمان نے کہا کہ میچ ڈے پر متعلقہ ٹیموں ، آئی سی سی اور پی سی بی کے پرچم لگیں گے۔ پاکستان میں سات ٹیمیں کھیل رہی ہیں ان کے پرچم لگائے جارہے ہیں۔ کراچی میں جمعے کو پاکستان کا میچ نہیں ، اس دن پاکستان کا بھی پرچم آویزاں نہیں کیا جائے گا۔ دبئی میں 23فروری کو پاکستان، بھارت امارات اور آئی سی سی کے پرچم لگیں گے۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا غیر ضروری پروپیگنڈا کررہا ہے کہ بھارتی پرچم کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔