بالی ووڈ انڈسٹری کے نامور اداکار اکثر اوقات ہی پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں اب ان ہندوستانی فنکاروں میں کنول جیت سنگھ اور سُشانت سنگھ کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کی ویڈیو وائرل ہیں جن سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کس طرح سے پاکستانی ڈرامے دن بہ دن بھارت میں مقبول ہو رہے ہیں۔
پاکستانی ڈراموں میں ادا کیے جانے والے کرداروں اور کہانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کنول جیت سنگھ نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں بے حد مضبوط اور سبق آموز ہوتی ہیں، وہاں کی کہانیاں بہت غضب ناک لکھی جاتی ہیں۔
کنول جیت سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا سنیما ہم سے کم اور ڈرامہ انڈسٹری ہم سے زیادہ بہتر ہے۔
انہوں نے ماضی کی یاد تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں نے اداکارہ بشریٰ انصاری کے ساتھ ڈرامے میں کام کیا تھا، بھارت سے مجھے پاکستان جانے کی اجازت نہیں ملی تھی اس لیے ڈرامے کی عکس بندی بینکاک میں ہوئی تھی۔
کنول جیت نے بشریٰ انصاری کی صلاحیتوں اور ڈائیلاگ ڈلیوری کی بھی خوب تعریف کی۔
دوسری جانب بھارتی اداکار سشانت سنگھ نے میڈیا ٹاک کے دوران کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان کو دیکھ لیجیے جسے ہم دشمن قرار دیتے ہیں، آپ ان کا کانٹینٹ دیکھ لیں اور اپنا دیکھ لیں۔
انہوں نے تعریف کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہم تبدیلی کی اور مثبت آواز دبا دیتے ہیں، جو ہمیں شکایت کرتا ہے ہم اس کی آواز دبا کر کہتے ہیں کہ ہم بدلنا نہیں چاہتے ہیں۔