• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان:ہائی رسک اضلاع میں خصوصی ٹیکہ جات مہم کا آغاز

کوئٹہ ( پ ر ) بلوچستان میں پولیو کے خاتمے اور ہائی رسک یونین کونسلز میں بچوں کی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان نے صوبے کے ہائی رسک اضلاع میں خصوصی ٹیکہ جات مہم کا آغاز کر دیا، ای او سی بلوچستان کے مطابق 20 سے 27 فروری تک بلوچستان کے ہائی اسک اضلاع کوئٹہ، چمن ، پشین اور قلعہ عبداللہ کی 78 یونین کونسلز میں فریکشنل ان ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسینیشن کی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کا ہدف 4 سے 59 ماہ کی عمر کےچار لاکھ سے زائد بچوں کا ہے جبکہ پیدائش سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے بھی پلائے جائیں گے ۔ گزشتہ سال ملک بھر میں پولیو کے 74 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ بلوچستان میں دیگر صوبوں سے زیادہ پولیو کے 27 کیسز رپورٹ ہوئے ، پولیو کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے قوت مدافعت کے خلا کو ختم کرنے کے لیے ایف آئی پی وی جیسی موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے، انسداد پولیو مہم جاری رہنے کے باوجود صوبے کے کئی اضلاع سے لئے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی برقرار ہے جو کہ بچوں کی قوت مدافعت کے لئے ایک خطرہ بنا ہوا ہے ۔ایف آئی پی وی بچوں میں قوت مدافعت کو بڑھانے کےلئے او پی وی کےساتھ ملکر بہترین کام کرتا ہے ۔تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ بچے خاص طور پر جو غذائیت کی کمی یا بار بار بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں کو پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ایک اضافی تہہ فراہم کرتا ہے ۔ کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) بلوچستان انعام الحق نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مہم کے دوران اپنے 4 سے 59 ماہ کے بچوں کو ایف آئی پی وی کے ٹیکہ جات لازمی لگوائیں جبکہ یہ ویکسین بچوں کو پولیو کےمرض کے اثرات سے بچانے کے لیے اہم تحفظ فراہم کرتا ہے ۔
کوئٹہ سے مزید