کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج کامیابی کے ساتھ جاری ہے، بلوچستان کے سندھ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بارڈراضلاع میں ہماری ہیوی ٹرانسپورٹ ٹرانسپورٹرز کی باہمی رضامندی سے کھڑی ہیں ،بلوچستان سے نہ کوئی ترسیل ہو رہی ہے اور نہ وہاں سے کوئی چیز آ رہی ہے، ہمارا احتجاج پرامن ہے اور یہ احتجاج جاری رہے گا۔20 فروری کو سبزی فروٹ سمیت ہر قسم کی لوڈنگ بند ہوگی جب تک حکومت ہمارے جائز مطالبات جس میں سر فہرست ایکسل لوڈ ہے اس کے علاوہ موٹروے کے چالان ڈرائیوروں پر ایف ائی آر اور بلوچستان میں جگہ جگہ چیک پوسٹوں پر بلا وجہ ڈرائیوروں کو تنگ کرنے کے خلاف حکومت ایکشن نہیں لیتی جاری رہے گا ۔بیان میں کہا گیا کہ ٹرانسپورٹروں کے حوصلے بلند ہیں اور رضاکارانہ طور پر تمام ٹرانسپورٹرز ہمارے ساتھ متفق ہیں اور شانہ بشانہ احتجاج میں حصہ لے رہے ہیں، حکومت سے اپیل ہے کہ ہمارے جائز مسائل 24 گھنٹے کے اندر حل کرنے کی یقین دہانی کرائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیل سکتا ہے ۔