اٹلی میں آتش فشاں پھٹنے کا عمل دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح اٹلی کے قریب جزیرے سسلی میں جمع ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس منظر کو دیکھنے کے لیے ہزار وں اطالوی اور غیر ملکی سیاح سسلی میں جمع ہوئے ہیں، تاہم اس علاقے کے میئر کی جانب سے لوگوں کو لاوے کے قریب جانے سے روکنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
شہری تحفظ کے ادارے کی جانب سے رضا کاروں کو علاقے میں تعینات کر دیا گیا ہے، تاکہ بوقتِ ضرورت امداد اور بچاؤ کے کاموں میں دقت پیش نہ آئے۔
یہ پہاڑ مسلسل لاوا اور راکھ اُگل رہا ہے، جس کی وجہ سے فضائی ٹریفک میں خلل پڑ رہا ہے۔
نزدیک ترین کٹینا ایئر پورٹ سے درجنوں فلائٹس کا رُخ راکھ کے بادلوں کی وجہ سے موڑ دیا گیا ہے۔
ماؤنٹ ایٹنا یورپ کا سب سے زیادہ متحرک رہنے والا آتش فشاں پہاڑ ہے جو اٹلی کے قریب جزیرہ سسلی کے مشرقی ساحل پر واقع ہے۔
امریکی جیولو جیکل سروے (یو ایس جی سی) کے مطابق یہ آتش فشاں مسلسل پھٹنے کے حوالے سے مشہور ہے۔