پشاور (جنگ نیوز) رحمٰن میڈیکل کالج (آر ایم سی) میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 150 نئے طلبہ نے میڈیکل کے مقدس پیشے میں قدم رکھا۔ تقریب میں طلبہ کے والدین اور اساتذہ نے شرکت کی جبکہ وائس پرنسپل ڈاکٹر اسلم قمر نے طلبہ سے حلف لیا، انہیں پیشہ ورانہ اخلاقیات، ایمانداری اور محنت کو اپنا شعار بنانے کی تلقین کی۔پرنسپل ڈاکٹر مختار زمان نے کہا کہ رحمٰن میڈیکل کالج ایک مشن کے تحت قائم کیا گیا جہاں جدید طبی تعلیم اور تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ کالج نے مختصر عرصے میں اعلیٰ تعلیمی معیار کی بدولت اپنی الگ پہچان بنائی ہے اور ہر سال سینکڑوں طلبہ یہاں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں جو ادارے کی ساکھ کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی صرف خواب دیکھنے سے نہیں بلکہ مسلسل محنت اور لگن سے حاصل ہوتی ہے۔ ناکامی سیکھنے کا موقع ہے اور کامیابی کسی منزل کا نام نہیں بلکہ مسلسل سفر ہے۔ ہمارا مقصد صرف بہترین ڈاکٹر تیار کرنا نہیں بلکہ ایسے افراد کی تربیت کرنا ہے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔سی ای او شفیق الرحمٰن نے کہا کہ والدین کی محنت اور قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ہمارا ہدف صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ ایسے ڈاکٹر تیار کرنا ہے جو ہمدردی، مہارت اور پیشہ ورانہ دیانت داری کے اعلیٰ اصولوں پر کاربند ہوں۔