پشاور (لیڈی رپورٹر )سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اورراولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان باہمی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ مفاہمت کی یادداشت کا بنیادی مقصد دونوں چیمبرز صنعت و تجارت کے حوالے سے مشترکہ تحقیق سمیت جائنٹ وینچر کے ذریعے ایک دوسرے پوٹینشل اور مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ ٗ بین الصوبائی رابطوں کو مضبوط بنانے ٗ معلومات اور بزنس کمیونٹی کے تبادلے اوردیگر اہم شعبہ جات میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ باہمی مفاہمت کی یادداشت پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت نے راولپنڈی چیمبر کے وفد کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر اجلاس کے دوران کیا۔ صدر فضل مقیم خان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ماربل ٗ جیمز سٹون ٗ شہد ٗ کارپٹ ٗ فرنیچر انڈسٹریل منرل اور معدنی و قدرتی وسائل آئل ٗ گیس اور ہائیڈرل پاور جنریشن اور دیگر اہم شعبہ جات میں جائنٹ وینچر کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے ایوان کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر بزنس مین فورم کے لیڈر غضنفر بلور نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا رولپنڈی چیمبر کے ساتھ مستقبل میں تعاون کو جاری رکھنے کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔