کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمدرد یونی ورسٹی نے اپنے مرکزی کیمپس مدینتہ الحکمہ میں ہفتہ کو منعقدہ اپنے 27ویں جلسہ تقسیمِ اسناد میں 1,695طلبا و طالبات اور اسکالرز کو ڈگریاں اور اسناد تقویض کیں۔ تقریباً 1,700ڈگری ہولڈرز میں سے 7اسکالرز کو پی ایچ ڈی اور 130کو ایم ایس، ایم ای اور ایم فل کی ڈگریاں دی گئیں۔ تقریب کی صدارت ہمدرد یونی ورسٹی کی چانسلرسعدیہ راشد نے کی جب کہ سابق وفاقی وزیر اور سابق سینیٹر جاوید جبار مہمان خصوصی تھے۔ مختلف کورسز میں بہترین کار کردگی کے اعتراف میں تقریباً 40طلبا وطالبات کو گولڈ میڈل عطاء کئے گئے۔ ہمدرد یونی ورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بہترین استاد کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس ایوارڈ کے لئے ہمدردکالج آف میڈیسن کے وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید محمد مبین کا انتخاب کیاگیا۔جبکہ بہترین محقق کا ایوارڈ حافظ عمران کو دیا گیا۔ مہمان خصوصی سابق سینیٹر جاوید جبار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمدرد کے تحقیقی منصوبے وسیع دنیا کیلئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ چانسلر سعدیہ راشد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یونیو رسٹی سے فارغ و تحصیل ہونے والے طلبہ کواپنی عملی زندگی میں نا صرف چیلنجز کا مقابلہ کرنا پڑے گا بلکہ انہیں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔