پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیراہتمام جاری خیبرپختونخوا گیمز آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں۔مردوں کے والی بال کے فائنل میں بنوں ریجن نے پشاور تین ایک سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں پشاور نے کوہاٹ کو اوردوسرے سیمی فائنل میں بنوں نے مالاکنڈ کو تین صفر سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ٹیبل ٹینس کے فائنل میں پشاور نے سوات کو تین صفر سے ہرایا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس سلیم رضا نے کھلاڑیوںمیں انعامات تقسیم کئے، ڈپٹی ڈا ئریکٹر آپریشن جمشید بلوچ بھی موجود تھے۔ باکسنگ کے فائنل میں پشاور نے مردان کو ہرایا، ہزارہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ باکسنگ ایسوسی ایشن کےچیئرمین محمدعثمان اور صدر محمداظہرعلی نےپوزیشن لینےوالے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تائیکوانڈو میں ہزارہ نے پہلی ، پشاور نے دوسری اور ڈیرہ اسماعیل خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ہزارہ نے سات گولڈ، ایک سلور اور ایک برونز، پشاور نے دو گولڈ، پانچ سلور اور چار برونزجبکہ ڈی آئی خان نے دو گولڈ، دو سلور اور چھ برونزمیڈلز جیتے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مرتضیٰ بنگش نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ خیبر پختونخوا تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے چیئرمین الیاس آفریدی اور سیکرٹری محمد وقار آفریدی بھی موجود تھے۔