کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کے ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف فتح گر سنچری کے دوران ون ڈے کرکٹ میں 14ہزار رنز مکمل کر لئے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیسرے بیٹر ہیں۔ ویرات کوہلی سے قبل سچن ٹنڈولکر اور کمار سنگا کارا بھی 14ہزار ون ڈے رنز بنا چکے ہیں ۔ کوہلی 287اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرکے تیز ترین 14ہزار رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ سچن ٹنڈولکر نے 350اور سنگا کارا نے 378اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ میچ میں ویرات کوہلی نے اپنا 200واں ون ڈے کیچ لے لیا۔ دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 9000ون ڈے رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔37سالہ روہت شرما یہ کارنامہ انجام دینے والے چھٹے ون ڈے اوپنر ہیں۔ سچن ٹنڈولکر(15310)، سنتھ جے سوریا (12740)، کرس گیل (10179)، ایڈم گلکرسٹ (9200) اور ساروگنگولی (9146) رنز بناچکے ہیں۔