پشاور(جنگ نیوز/ایجنسیاں)گورنر خیبرپختو نخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کو سندھ کے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی پرمناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ گنڈاپورکی مرادعلی شاہ سے ایک فیصد بھی زیادہ کارکردگی ہو تو وزیر اعلیٰ سندھ حکومت چھوڑ دیں گے، علی امین گنڈا پور مناظرے میں ہار گئے تو استعفا دے دیں‘میں دیکھتا ہوں کیسے صوبائی حکومت زمینداروں سے ٹیکس لیتی ہے‘ ہم کسانوں کے ساتھ مل کر سول نافرمانی کریں گے ‘ ارباب نیاز اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی انتہائی نامناسب حرکت ہے‘سانحہ 9 مئی کے مرکزی کردار کے نام پر اسٹیڈیم کا نام رکھنا ریاست دشمن قوتوں کو تقویت دینا ہے۔اتوارکو پشاور میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہےکہ اس صوبےکو تباہ کرنا ہے‘ صوبائی حکومت صوبائی حقوق کی جنگ نہیں لڑ رہی‘دیگرصوبوں میں نہریں بن گئیں ہمارے صوبے میں نہیں بنیں۔رواں سال چشمہ رائٹ بینک کینال کو شروع کریں گے، اگر سی ایم سول نافرمانی کا اعلان کرسکتا ہے تو ہم صوبائی حکومت کے ایسے اقدامات پر سول نافرمانی کا اعلان کرسکتے ہیں‘یہ اسلام آباد میں دھرنا دے کر پتلی گلی سے نکلتے تھے، ہم بھی زمینداروں کے ساتھ دھرنا دے سکتے ہیں۔ادھرایک بیان میں فیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ اسٹیڈیم کا نام صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کرنے والے شخص کے نام پر رکھنا پختونوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ وزیر اعلیٰ صوبے کی شناخت مٹانے اور اسے تباہ کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔