کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کی تیسری نیشنل یوتھ چیس چیمپئن شپ 2025ء وزیرِاعظم کے نیشنل مائنڈ اسپورٹس اقدام کے تحت اختتام پذیر ہوگئی جس میں ، زندگی ٹرسٹ کےزیر انتظام سرکاری اسکولز کی طالبات نے تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تیسری نیشنل یوتھ چیس چیمپئن شپ 2025 کراچی گرامر اسکول میں کارپوو چیس کلب کے اشتراک سے چیس فیڈریشن آف پاکستان کے زیرِ اہتمام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ دو روزہ چیمپئن شپ 22اور 23فروری کو منعقد کی گئی، جو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن (FIDE) کے قوانین کے تحت کھیلی گئی۔ اس مقابلے میں پاکستان بھر سے اعلیٰ نوجوان چیس کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں ملک کے معروف نجی اسکولوں کے طلبہ بھی شامل تھے۔یہ چیمپئن شپ پاکستانی نیشنل یوتھ ٹیم کے انتخابی مقابلے کے طور پر منعقد کی گئی، اور منتخب ہونے والے کھلاڑی آئندہ بین الاقوامی (FIDE) مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔چیمپئن شپ کی نمایاں ترین بات زندگی ٹرسٹ کے زیرِ انتظام گورنمنٹ اسکولوں کی طالبات کی شاندار کارکردگی تھی، جس نے پبلک اسکولوں میں چیس کی تعلیم کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔زندگی ٹرسٹ کے زیر انتظام ایس ایم بھی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کی طالبات مہک مقبول نے انڈر 18کیٹیگری میں پہلی پوزیشن لی ،یمنہ صدیقی نے انڈر 14کیٹیگری میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ علینہ صدیقی انڈر 12کیٹیگری میں تیسری پوزیشن پر براجماں ہوئیں۔ اس کامیابی کی سب سے متاثرکن بات یہ ہے کہ ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کی چیس ٹیچر حرا، جو آج ن چیمپئنز کی تربیت کر رہی ہیں، کبھی اسی اسکول کی طالبہ تھیں۔ ان کا طالبہ سے استاد بننے کا سفر امید اور ترقی کی علامت ہے، جو اس کامیابی کو مزید متاثرکن بناتا ہے۔