• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنبیر کپور نے عالیہ بھٹ کو مداح کی بدتمیزی سے بچالیا، انٹرنیٹ صارفین کا دلچسپ ردعمل

کولاج فوٹو: اسکرین گریب
کولاج فوٹو: اسکرین گریب

بالی ووڈ کی مشہور جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور حال ہی میں فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کےلیے پہنچی۔ تقریب میں آمد پر فوٹوگرافرز نے انہیں گھیر لیا۔

تاہم سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک مداح کو عالیہ بھٹ کا ہاتھ پکڑ کر اپنی طرف کھینچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جس پر رنبیر کپور نے فوری ردعمل دیا اور اہلیہ کو بچالیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز پر صارف نے یہ ویڈیو شیئر کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب عالیہ اور رنبیر تقریب میں داخل ہو رہے تھے تو ایک مداح نے قریب آ کر عالیہ کا ہاتھ پکڑ لیا اور ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔

عالیہ نے پُرسکون انداز میں اپنا ہاتھ چھڑانے کی کوشش کی، تاہم اس دوران رنبیر کپور نے فوراً مداخلت کی، مداح سے بات کی، جس کے بعد اس نے عالیہ کا ہاتھ چھوڑ دیا اور پھر رنبیر نے عالیہ کو اپنے قریب کرلیا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مداح کے اس رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’لوگوں میں بالکل تمیز نہیں‘، جبکہ ایک نے لکھا، ’لوگوں کو سلیبریٹیز کے ساتھ برتاؤ کرنے کا سلیقہ ہونا چاہیے۔ عالیہ ایک مشہور شخصیت ضرور ہیں، لیکن سب کی ملکیت نہیں۔‘

کچھ صارفین نے عالیہ بھٹ کے تحمل اور شائستگی کی تعریف کی۔ ایک شخص نے لکھا، ’عالیہ بھٹ کتنی عاجزی سے پیش آئیں!‘ جبکہ دوسرے نے کہا، ’ڈری ہوئی ہیں لیکن پھر بھی مسکرا رہی ہیں۔۔۔ افسوسناک!‘۔

رنبیر کپور کے ردعمل کو بھی سراہا گیا، جس سے متعلق ایک صارف نے لکھا، ’رنبیر نے شوہر ہونے کا حق ادا کر دیا۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید