پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف نو بیاہتا اداکار و ماڈل عمر شہزاد کی دلہن سے متعلق متعدد افواہوں و چہ مگوئیوں کے بعد نئی نویلی دلہن خود سامنے آ گئیں۔
یاد رہے کہ اداکار عمر شہزاد نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر اپنی شادی سے متعلق اعلان کیا تھا۔
عمر شہزاد نے خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر اہلیہ کی شناخت ظاہر کیے بغیر ان کے ساتھ تصاویر شیئر کی تھیں۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں قرآنی آیت، وَخَلَقْنَاكُمْ أَزْوَاجًا (اور ہم نے تمہیں جوڑوں میں پیدا کیا) لکھتے ہوئے اداکار نے مداحوں کو بتایا تھا کہ مکہ مکرمہ کے بابرکت آسمان کے نیچے میں نے اپنی زندگی میں نئے باب کا آغاز کیا ہے۔
جہاں سوشل میڈیا پر عمر شہزاد کے شادی کے اعلان کے بعد اس جوڑے کے لیے مبارک باد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہوا وہیں صارفین میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی کہ آیا اداکار کی اہلیہ کون خاتون ہیں؟
اب سوشل میڈیا پر وائرل متعدد پوسٹس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ اداکار عمر شہزاد کی اہلیہ کوئی اور نہیں بلکہ انسٹاگرام انفلوئنسر شانزے لودھی ہیں۔
دوسری جانب انسٹاگرام پر 7,630 فالوورز رکھنے والی انفلوئنسر شانزے لودھی کی جانب سے بھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
انہوں نے اپنے اور عمر شہزاد کے ہاتھ کی تصویر اسٹوری پر اپلوڈ کرتے ہوئے ‘اللّٰھم بارک‘ لکھا ہے۔