کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی، لاپتا شہری کی ٹریول ہسٹری معلوم کرنے اور پاسپورٹ تحویل میں لینے کی ہدایت کردی ، تفصیلات کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی کے رہائشی عزت اللہ کا گمشدگی کے بعد کوئی علم نہیں کہاں ہے، پولیس ایف آئی آر بھی درج نہیں کررہی، ڈی ایس پی ابو طلحٰہ اور انسپکٹر طارق عدالت میں پیش ہوئے اور یقین دہانی کرائی کہ درخواست گزار پولیس اسٹیشن آئے تو ایف آر درج کرلی جائے گی، پی آئی بی کالونی کے رہائشی طاہر زمان کی بازیابی سے متعلق والد زمان خان کی درخواست کی سماعت ہوئی، پولیس نے بتایا کہ طاہر زمان کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے، سرکاری وکیل نے کہا کہ لاپتا شہری کا شناختی کارڈ بھی بلاک کیا جاچکا ہے، تفتیشی افسر نے کہا کہ بہت سے افراد ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور ان کے رشتہ دار پٹیشن دائر کردیتے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاپتا شہری کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جائے اور پاسپورٹ بھی تحویل میں لے لیا جائے، شیر علی اور محمد جواد کی درخواستوں پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 4ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔