دبئی ( سبط عارف ) متحدہ عرب امارات میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کی شام رمضان المبارک کے آغاز کا تعین کرنے کے لیے چاند دیکھنے میں حصہ لیں۔ چاند کی شہادت رپورٹ کرنے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی ہے، تاکہ گواہوں کی رپورٹس کی مناسب طریقے سے جانچ ہوسکے۔ چاند کی گواہی کیلئے ویب سائٹ پر گواہ کا نام، ایمرٹس کا شناختی کارڈ نمبر اور ریاست کی نام بھی درج کرنا ہوگا۔ چاند کا مشاہدہ کرنے والے افراد فون پر بھی اطلاع دے سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات امارات کے مطابق دبئی اور شمالی امارات میں بادل چھائے رہنے کی وجہ سے چاند دیکھنا کافی چیلنجنگ ہو سکتا ہے۔ اگر چاند نظر آ گیا تو رمضان کا آغاز ہفتہ سے ہوگا، بصورت دیگر اتوار سے ماہ مقدس کی شروعات ہوگی۔ رمضان ہلال دیکھنے کی کمیٹی، جو متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل کے تحت قائم کی گئی ہے، چاند دیکھنے کے عمل کی قیادت کر رہی ہے۔