اسلام آباد (محمد صالح ظافر) جاپان پاکستان میں لچکدار اور بروقت سپورٹ کے لئے مقامی این جی اوز کی مالی معاونت جاری رکھے گا تاکہ پاکستان میں انسانی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ جاپانی حکومت اپنے جی جی پی پروگرام کے تحت ایک مقامی این جی او ترنول میں اپنے ترقیاتی منصوبے کے لئے ایک کروڑ 22؍ لاکھ روپے کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترنول اسلام آباد کے نواح میں واقع ہے۔ جاپان یہ امداد اپنے گراس روٹس ہیومن سیکورٹی پروجیکٹس (جی جی پی) دے گا جس کی مالیت 44؍ ہزار 25؍ امریکی ڈالرز ہے۔ اس گرانٹ پر دستخط پاکستان میں جاپانی سفیر اکاماٹسو سوئچی اور مذکورہ این جی او کے نمائندے نے جمعرات کو کئے اس امداد سےکمیونٹی سروسز پروگرام کے تحت تعلیم، صحت اور انفرااسٹرکچر کے شعبوںمیں 15؍ برسوں سے کام ہورہاہے۔