• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک کی آمد آپ سب کو بہت مبارک ہو۔ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے کہ ہمیں اِس ماہِ مبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا ایک بار پھر موقع ملا ہے۔

یہ ماہ مبارک جہاں تمام مسلمانوں کے لیے تربیت کا مہینہ ہے، وہیں یہ بچوں کی تربیت کرنے اور انھیں دین کے قریب لانے کا عمدہ موقع ہے۔ مجھے والدین سے کہنا ہے کہ سب سے پہلے تو بچوں کو رمضان کے فضائل اور نعمتوں سے آگاہ کیجیئے، انہیں بتائیں کہ، روزے کا مقصد صرف کھانا پینا چھوڑنا نہیں بلکہ ان تمام کاموں سے رک جانا ہے جو اللہ کو ناپسند ہیں ،جیسے جھوٹ بولنا جھگڑا کرنا، چغل خوری کرنا وغیرہ۔

والد جب نماز پڑھنے مسجد جائیں تو بچوں کو اپنے ساتھ لے کر جائیں۔ والدہ بچیوں کو اپنے ساتھ نماز پڑھانے کا اہتمام کریں۔ رمضان کے بعد بھی اس عمل کو جاری رکھیں۔ یاد رکھیئے یہی اولاد آپ کے لیے قبر میں روشنی اور درجات میں بلندی کا سبب بنے گی۔

بچوں کو روزہ رکھنے اور کھولنے کی دعا یاد کروائیں ساتھ ہی سونے اور جاگنے کی، کھانے سے پہلے اور بعد کی مسنون دعائیں بھی پڑھنے کی عادت ڈالیں۔ ان کے ساتھ مل کر تلاوت قرآن پاک کا اہتمام کیجیئے, دن میں کم از کم ایک بار تلاوت کرتے ہوئے انھیں اپنے ساتھ بٹھائیے، ان سے ان کے سبق کی تلاوت کروائیے۔ بچوں کو بتدریج روزہ رکھنے کی عادت ڈالیئے۔

افطاری کے لیے دسترخوان لگاتے وقت بچوں سے مدد لیجیئے، تاکہ ان میں خدمت کا جذبہ پیدا ہو۔ بچوں کے ہاتھ سے صدقہ وخیرات دلوائیے تاکہ ان میں ایثار کا جذبہ پیدا ہو، انھیں اللہ کی بے شمار نعمتوں کا احساس دلوائیے اور شکر ادا کرنا سکھائیں۔

یاد رکھیے آپ کی محبت بھری توجہ اور آپ کا وقت بچوں کے لیے سب سے قیمتی تحفہ ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ یہ رمضان المبارک ہم سب کی نیکیوں میں اضافے کا ذریعہ بنے۔