کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ضلع قلعہ سیف اللہ کے رہائشی خان الدین نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ اگر ہمارےبھائی پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے بصورت دیگر ہم کوئٹہ پنجاب قومی شاہراہ کو بند کردیں گے ، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق ضلع قلعہ سیف اللہ سے ہے اور واپڈا میں ملازم ہوں ، میں 3 بھائیوں کے ساتھ کوئٹہ کے علاقے واپڈا کالونی ائیرپورٹ روڈ پر رہاش پذیر ہوں ،ہمارے اپنے بہنوئی کے ساتھ کئی سال سے خاندانی تنازعات چلے آرہے ہیں ، کئی بار جھگڑے ہوچکے ہیں ،میرے بھائی سعد الدین عرف اٹل کے خلاف ہمارے بہنوئی نے گھریلو معاملے میں کئی بار بے بنیاد ایف آئی آر درج کرائیں اور کئی بار ہمیں اور ہمارے خاندان کو مختلف اداروں کے نام سے دھمکیاں بھی دیں ہمارے گھریلو تنازع کے تصفیے کے لئے کئی بار علاقائی سطح پر فیصلے کئے گئے لیکن انہوں نے فیصلے نہ مان کر ہمارے اوپر ظلم کیا۔انہوں نے کہاکہ 25 جنوری 2025 کورات گئے 4 گاڑیوں میں سوار سادہ لباس میں ملبوس سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر ہمارے گھر میں گھس کر چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا ،میرے بھائی سعدالدین جو شدید بیمار تھے کو رات کے اندھیرے میں اٹھاکر لاپتہ کیا گیا اسی رات میں نے ائیرپورٹ روڈ تھانہ جاکر حکام کو واقعہ سے آگاہ کیا تاہم ایس ایچ او نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا ۔ بھائی کے لاپتہ ہونے کے بعد ہم نے قومی شاہراہ بند کرنے کی کال دی جس پر ائیر پورٹ روڈ پولیس حکام نے کہا کہ احتجاج نہ کریںہمارے بھائی کو لاکر ہمارے حوالے کیا جائے گا لیکن اس کے بعد کوئی پیش فت نہیں ہوئی جس پر میں نے معزز عدالت سے بھی رجوع کیا ۔انہوں نے کہا کہ میرے بھائی پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے ورنہ ابازیاب کیا جائے بصورت دیگر کوئٹہ پنجاب قومی شاہراہ کو بند کردیں گے ، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔