کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سردار بہا در خان وومن یونیورسٹی کے تحت ٹیسٹ میں کامیاب اور محکمہ تعلیم میں بھرتی کے منتظر امیدواروں کا جمعہ کو دوسرے روز بھی بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری رہا، پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایس بی کے شارٹ لسٹ کمیٹی کے صدر نور اللہ سمیت 7 امیدواروں کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سردار بہا در خان وومن یونیورسٹی کے تحت ٹیسٹ میں کامیاب اور محکمہ تعلیم میں بھرتی کے منتظر امیدواروں نے گزشتہ روز میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے بلوچستان اسمبلی تک ریلی نکالی اور اسمبلی کے سامنے دوسرے روز بھی دھرنا دیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت اور محکمہ تعلیم کی جا نب سے ان کی تقرری کے احکامات میں بلاجواز تاخیر کی جارہی ہے حالانکہ اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ کی جا نب سے حکومت کو واضح احکامات بھی دئیے جاچکے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی صورت مزید تاخیر برداشت نہیں کریں گے پولیس نے ایس بی کے شارٹ لسٹ کمیٹی کے صدر نور اللہ سمیت 7 امیدواروں کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے بلوچستان اسمبلی تک ریلی نکالنے کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کی خلاف ورزی کرنے اورروڈ بلاک کرنے پر گرفتار کرلیا۔