کوئٹہ (پ ر) یکم مارچ عالمی یوم شہری دفاع کی مناسبت سے دنیا بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی صوبائی ہیڈکوارٹر محکمہ شہری دفاع میںسیمینارمنعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ کیپٹن (ر) اطہر عباس راجہ تھے۔ سیمینار سے قبل محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا جس میںبم ڈسپوزل سروس، فرسٹ ایڈ، ریسکیواور مریضوں کو منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا ۔اس کے بعد مہمان خصوصی کو محکمہ کے ٹیکنیکل ہال کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں جدید مشینری کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اس کے بعد عالمی یوم شہری دفاع کی مناسبت سےتقریب منعقد ہوئی ،اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عظمیٰ ریاض انسٹرکٹرنے سرانجام دئیے ،ڈائریکٹر سول ڈیفنس علی محمدزہری نے خطبہ استقبالیہ دیا اور شہری دفاع کی تاریخ ، افادیت اور معاشرے میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی اور محکمہ کے اہلکاروں کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کے افسران،اہلکار اور رضاکار ہر قدرتی اور غیر قدرتی آفت زلزلہ ، سیلاب ،بم دھماکہ وغیرہ میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتے ہیں، بالخصوص عالمی وبا کورونا ، زلزلہ اور سیلاب کے دوران ہمارے اہلکاروں اور رضاکاروں کی خدمات قابل تعریف ہیں،محکمہ میں تربیت حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے شہری دفاع کی افادیت اور معاشرے میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی ۔آخر میں مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ کیپٹن (ر) اطہر عباس راجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کو سراہا اور رضاکاروں اور اہلکاروں کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سول ڈیفنس کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اورمحکمہ کے اہلکار ہر موقع پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ صف اول میں اپنی خدمات سرانجام دیئے ہیں ۔آخر میں تقریب کے میزبان ڈائریکٹر سول ڈیفنس علی محمد زہری نے مہمان خصوصی ودیگر کو تعریفی شیلڈپیش کی۔