کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کی رہائشی گل زادی ، خیر زادی ، رخسانہ اور دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹکری بہادر کھیازئی ان کے بھائی علی رضا کھیازئی اور بشیر احمد محمد حسنی کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے ، حکومتی ترجمان سڑکوں کو طاقت کے ذریعے کھلوانے کی بجائے لاپتہ افراد کو منظر عام پر لانے میں کردار ادا کریں ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں بروری میں ٹکری بہادر کھیازئی کے گھر پر چھاپہ مار کر ٹکری بہادر کھیازئی ان کے بھائی علی رضا کھیازئی کو گھر والوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ساتھ لے جایا گیا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں جن کی بازیابی کیلئے سڑکوں پر شدید سرد موسم میں خواتین ، بچے اور بزرگ سراپا احتجاج ہیں جبکہ حکومتی ترجمان بلوچستان کی شاہراہیں طاقت کے ذریعے کھلوانے کی بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سڑکوں پر بیٹھنے کا کوئی شوق نہیں ،سڑکوں کی بندش سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے ، اپنے پیاروں کے گمشدہ ہونے پر ہم بھی اذیت میں مبتلا ہیں ، لیکن ہم بھی اپنے پیاروں کی بحفاظت بازیابی کیلئے سڑکوں پر بیٹھنے کے لئے مجبور ہیں کیونکہ ان کی جبری گمشدگی سے ان کے اہلخانہ کو جو تکلیف ہوتی ہے اس کا کسی کو اندازہ نہیں ۔