کوئٹہ(خ ن)ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارروائیوں کے دوران 120 دکانوں کا دورہ کیا گیا، خلاف ورزی پر22 دکانیں سیل اور20 دکاندار کو گرفتار کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے تحت گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سریاب ماریہ شعمون ،اسسٹنٹ کمشنر کچلاک نعمت اللہ ترین،اسپیشل مجسٹریٹ احسام الدین کاکڑ،اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار اور اسپیشل مجسٹریٹ سیف اللہ کاکڑ پر مشتمل مختلف ٹیموں نے کچلاک، سمنگلی،سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ،نواں کلی، کاسی روڈ، طوغی روڈ عالمو چوک و دیگر علاقوں میں دودھ فروشوں، قصائیوں اور تندوروں کے خلاف کارروائیاں کیں جس کے دوران 120 دکانوں کا دورہ کیا گیا جن میں سے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر 22 دکانوں کو سیل جبکہ 20 دکانداروں کو گرفتار کرکے جیل بھجوادیا گیااور متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کئے گئے اسکے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے قصاب خانوں میں گوشت کی قیمتوں ،تندوروں پر روٹی کے وزن اور قیمتوں کاجائزہ لیا اور جنرل اسٹوروں پر اشیاء خوردونوش خصوصاً دالوں، چاول،چینی اور گھی وغیر کی قیمتوں کا تعین کیا۔