لندن: عید ابھی چند ہفتے دور سہی لیکن خواتین نے آخری لمحات کا انتظار کیے بغیر عید کی شاپنگ کا آغاز کردیا۔
سینٹرل لندن میں ایس ایس ایڈٹ کے تحت لگے عید بازار میں پاکستان کے ٹاپ فیشن ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات، جیولری، پرفیوم، چوڑیوں اور مہندی کے اسٹالز لگے تو موقع ہو غنیمت جانتے ہوئے خواتین نے دل بھر کے شاپنگ کر ڈالی۔
اس موقع پر شو کی منتظم صالحہ شہزاد کا کہنا تھا اس بازار میں پاکستان میں تیار کردہ 60 برانڈز موجود ہیں اور یہاں لوگوں کو ایک ہی چھت تلے عید کی تمام شاپنگ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
پاکستانی فیشن مراکی کے ملک اسد کھوکھر نے کہا کہ دن میں جب سے بازار کھلا ہے خواتین کا رش کسی بھی وقت کم نہیں ہوا اور بازار میں صرف پاکستانی نہیں بلکہ بھارت، بنگلادیش اور عرب امارات سے بھی لوگ یہاں آئے ہوئے ہیں۔ روزہ رکھنے کے باوجود لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت حوصلہ افزا ہے۔
اسٹالز پر موجود خواتین نے کہا کہ ایسے بازار سے ناصرف پاکستان کی معیشت کو بلکہ مقامی بزنسز کو بھی فائدہ ہوتا ہے اور یہاں آنے والوں کو نیٹ ورکنگ کا موقع بھی ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کےلیے خواتین پرنٹ والے ملبوسات زیادہ پسند کر رہی ہیں اور ساتھ میں میچنگ جیولری بھی خرید رہی ہیں۔
خریداری کیلئے آئی خواتین نے کہا کہ یہاں اس قدر نئے ڈیزائن والے خوبصورت ملبوسات اور دیگر اشیا موجود ہیں کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کیا خریدیں اور کیا چھوڑیں اور یہاں پر یہ اشیا دیکھ کر اپنی ثقافت پر فخر محسوس ہو رہا ہے، یہاں آکر پاکستان کی یادیں بھی تازہ ہوگئی ہیں، اس طرح کے بازار لگتے رہنے چاہئیں۔
بعض خواتین نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ عید شاپنگ سے جلدی فارغ ہو جائیں تاکہ یکسوئی کے ساتھ عبادت کرسکیں۔